• news

سیاسی شخصیت کے الزامات ، جھوٹے ، توہین کیس میںعمران کو پیش ہونا پڑے گا : الیکشن کمشن 

اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن ایک سیاسی شخصیت کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور تردید کرتا ہے۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ الزامات مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق  الیکشن کمشن  نے کہا کہ الیکشن کمشن کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کر رہا ہے  اور کرتا رہے گا۔ جہاں تک الیکشن کرانے کا معاملہ ہے تو یہ فیصلہ الیکشن کمشن کے دائرہ اختیار میں نہیں  ہے۔ الیکشن دو ہی صورتوں میں  ہوسکتے ہیں ۔ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرچکی ہوں یا وزیراعظم اسمبلی کو تحلیل کر دیں۔ فی الحال ایسی کوئی صورتحال موجود نہیں ہے۔ البتہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف الیکشن کو یقینی بنائے اور جب بھی الیکشن ہوں گے اس امر کو یقینی  بنایا جائے گا۔ توہین الیکشن کمشن اور چیف الیکشن کمشنرکیس میں  عمران خان کے پیش نہ ہونے پر کمشن نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔ عمران، فواد چوہدری اور  اسد عمر کے خلاف توہین  کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہا  کہ الیکشن کمشن نے 3 شو کاز نوٹس جاری کیے، آپ کے شو کاز نوٹس پر ایک سوالیہ نشان ہے، کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، الیکشن کمشن نے ہائی کورٹ میں جواب دیا ہے اور آپ بھی کیس میں پارٹی بن گئے ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیں ، 29 ستمبر کو وہاں سماعت ہے۔ ممبر کمشن نے کہا کہ منفی کارروائی کیا ہے ؟۔ چارج فریم کرنا یا ذاتی طور پر پیش ہونا کیا ہے؟۔ ہم وہ اختیارات استعمال کر رہے ہیں جو آئین اور قانون نے دیے ہیں، آپ کا مؤکل قانون سے مبرا ہے؟۔ وکیل نے کہا کہ آئین اور قانون میں اختیارات کے مطابق آپ نے نوٹس نہیں دیے، آپ بھی مبرا نہیں، آرٹیکل پانچ آپ پر زیادہ لگتا ہے، 29 ستمبر کو کیا معلوم ہائی کورٹ کیس مکمل کرلے۔ ممبر کمشن نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ کا مؤکل سابق وزیراعظم ہے،کیا کوئی استثنٰی ہے؟۔ ہم آپ کے وارنٹ نکالیں وہ کارروائی ہے لیکن چارج فریم کرنا یا ذاتی حیثیت میں بلانا منفی کارروائی نہیں، ہائی کورٹ جو آرڈر کرے ہم بھی اس کے پابند ہیں۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ اعتماد کا فقدان بہت ہوگیا ہے، کیس کو ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کر دیں۔ ممبر کمشن نے کہا کہ شوکاز کی تاریخ اب 11 اکتوبر ہے، عمران خان سمیت فواد چوہدری اور اسد عمر کو کیس میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن