اسحاق ڈار کو نظام انصاف نے روکا نہ محافظوں نے ، میں روکوں گا : عمران
پشاور (بیورو رپورٹ +نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے نہ نظام انصاف نہ محافظوں نے اسحاق ڈار کا رستہ روکا۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ملک کا خزانہ مفرور ملزم اسحاق ڈار کے حوالے کردیا گیا، بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا گیا۔ لیکن انشاء اللہ آپ کا بھائی عمران خان اس کا راستہ روکے گا۔ بیرونی طاقتوں نے مجھے ہٹایا۔ زرداری، شریف خاندان کے اربوں روپے باہر رکھے ہیں، چوروں کی حکومت نے 5 ماہ میں مہنگائی کو کم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، آج مہنگائی ملک میں 50 سال کی سب سے بلند سطح پر ہے۔ فضل الرحمان اسلام کو بیچتا ہے، کرسی کے بدلے ان سے اپنی مرضی کا فتویٰ لیا جاسکتا ہے، اسے دیکھ کر لوگ اسلام سے دور ہوجاتے ہیں، اس کے ضمیر کی قیمت ڈیزل کا ایک پرمٹ ہے۔ عمران خان نے تاجرکنونشن سے خطاب میں کہا کہ چوروں کو بیرونی سازش کے ذریعے ہم پر مسلط کیا گیا، 50 سالہ مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، جو ملک سترہ سال بعد سب سے تیزی سے ترقی کر رہا تھا وہ دیوالیہ پن کے قریب پہنچ گیا ہے، دو مافیا خاندانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا، ہم نے تیل عالمی منڈی میں 115ڈالر ہونے کے باوجود سستا بیچا، لیکن آج 90 ڈالر ہے پھر بھی 250 روپے لٹر ہے۔ پام آئل عالمی منڈی میں 1700 سے 1000 ڈالر پر ہے لیکن ملک میں مہنگا بک رہا ہے، آٹا اور چاول اتنے مہنگے ہوگئے ہیں تو لوگ کیسے گزارا کریں، تنخواہ دار طبقہ کے لیے قیامت آچکی، موبائل فون کی پچاس فیصد فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں، یہی حالت گاڑیوں کی فیکٹریوں کا بھی ہے۔ مریم نواز نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، شہبازشریف بھارت سے مریم نواز کے داماد کے لئے مشینری منگوا رہا ہے، یہ صرف پیسے بنانے کیلئے چوری سے مشینری امپورٹ کر رہے ہیں، ابھی آڈیو لیکس میں اور چیزیں بھی سامنے آئیں گی، جو پاکستان کے ساتھ ہوا وہ کوئی دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا۔ سترہ سال بعد اکنامک سروے کے مطابق پاکستان میں چھ فیصد گروتھ ہو رہی تھی۔ ایکسپورٹ پر توجہ دینے والے ممالک ہم سے آگے نکل گئے۔ جب سے دو مافیا خاندان آئے بھارت، بنگلہ دیش پاکستان سے آگے نکل گئے۔ 60 کی دہائی میں غریب ممالک پاکستان کے ماڈل کو فالو کرتے تھے۔ جب سے یہ دو خاندان آئے ملک مقروض اور یہ امیر ہوتے گئے۔ کرونا کے باوجود ہماری ایکسپورٹ بڑھ رہی تھی، معاشی حالات بہتر ہو رہے تھے، ملک آگے بڑھ رہا تھا۔ اس دوران بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا۔ خیبر پی کے کے تاجروں کو حقیقی آزادی کی تحریک میں شامل کرنے آیا ہوں۔ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے میری کال کا انتظار کرنا ہے۔ نمبر ون بھگوڑا بیماری کا جھوٹ بول کر باہر گیا۔ نوازشریف نے میڈیکل رپورٹ میں بھی دو نمبری کی ہوئی تھی۔ یہ کوئی بھی کام ایمانداری سے نہیں کرتے۔ ان کے خلاف پاکستانی قوم نے میرے ساتھ ہونا ہے۔ جب تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا۔