پاکستان کے قرضوں کو تلافی پیکج میںبدلا جائے ، عمران جمہوریت کا احترام ، اپنا کام کریں ، بلاول
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرا سابق وزیراعظم عمران خان کو مشورہ ہے جمہوریت کا احترام کرو، جمہوری اداروں کا احترام کرو، اپنا کام کرو۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن کے ولسن سینٹر میں ہونے والے مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آنے والے بدترین سیلابی پانی کو سمندر میں جانے کے لیے مہینوں درکار ہیں، اب ہمیں ایک اور قدرتی آفت کا سامنا ہے، وہ صحت کے مسائل سے متعلق ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہماری سیاسی مصروفیات کچھ بھی ہوں، ہمیں حالات کی سنگینی کو سمجھنا ہوگا۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اس وقت کی فوری ضرورت ہے۔ کرپشن امریکا سمیت پوری دنیا میں ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے آپ ان ممالک کے لوگوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقابلہ کے دوران ہمارے 80 ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، ملک میں تقریباً ہر روز دہشت گردانہ حملے ہوتے تھے، نہیں چاہتے ہمیں اس طرح کے مسائل کا دوبارہ سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے بھارت کی سیکولر شناخت کو ختم کر کے ہندوتوا پالیسی کو اپنا لیا ہے۔ بلاول کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی میرا عمران خان کو یہی مشورہ ہے اپنی ذاتی انا سے بالاتر ہو کر دیکھو۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان اور میڈیا سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، منگل کے روز اپنی ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اپنے دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے لکھا کہ تفصیلی تبادلہ کیا گیا اور موسمیاتی تبدیلی پر بھی غور وفکر کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا خطاب میں مزید کہنا تھا متاثرین برسر روزگار تھے لیکن سیلاب نے کنگال کر دیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جو اہداف طے کئے تھے وہ سیلاب کے ساتھ بہہ گئے۔ آلودگی کی ذمہ دار طاقتوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے ازالے کا کہا ہے۔ پاکستان پر واجب الادا قرضوں کو تلافی کے پیکج میں تبدیل کیا جائے۔ این این آئی کے مطابق پاکستان اور امریکا کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر امریکی محکمہ خارجہ میں تقریب ہوئی جس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتکاری واپس آئی ہے۔ پاکستان میں 3کروڑ سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔ ماحولیاتی انصاف پر امریکا سے مدد اور تعاون چاہتے ہیں۔ یہ سبز انقلاب کا وقت ہے۔ ہمیں یقین ہے صدر بائیڈن قیادت کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب زدگان کی امداد پر امریکا کا شکریہ ادا کیا اور امریکی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔