ٹراس جینڈر ایکٹ غیر شرعی ، حکومت جائزہ کیلئے کمیٹی بنائے : اسلامی نظریہ کونسل
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلامی نظریہ کونسل نے ٹرانس جینڈر ایکٹ 2018ء کو غیر شرعی قرار دے دیا۔ کونسل نے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ میں متعدد دفعات شرعی اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ نہیں۔ اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق اسلامی نظریہ کونسل نے حقیقی مخنث کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ نت نئے معاشرتی مسائل پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ حکومت ٹرانس جینڈر افراد سے متعلق ایکٹ کے جائزے کیلئے کمیٹی بنائے۔ کمیٹی اسلامی نظریہ کونسل، علمائ، ماہرین قانون اور ماہرین طب پر مشتمل ہو۔ کمیٹی خواجہ سراؤں کے بارے میں قانون کا تفصیلی جائزہ لے۔ کونسل نے نیب ترمیمی قانون 2022ء کی تعریف کرتے کہا نیب قانون سے متعلق کونسل کی دیگر سفارشات کو بھی شامل کیا جائے۔