بلدیاتی، عام انتخابات کی تیاری ہدف، امیدوار رابطہ مہم تیز کریں،ذکراللہ مجاہد
لاہور( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بلدیاتی اور جنرل الیکشن کی تیاری ہمارا ہدف ہے۔ جس کی تیاری کیلئے تمام صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواران اپنے حلقوں میں عوامی مسائل کے نشاندہی اور ان کے حل کیلئے تمام کوششیں اور وسائل بروئے کار لائیں۔ رابطہ عوام مہم کو تیز کریں اور لوگوں تک جماعت اسلامی کا منشور ہر گلی، محلے، گھر اور فرد تک پہنچائیں۔ ہماری سیاست کا مقصد قرآن وسنت کا بابرکت نظام اور خدمت خلق ہے۔ اس ملک کے لوگوں کو جماعت اسلامی کی خدمت گارقیادت پر اعتماد کرنا چاہیے۔دیانتدار باصلاحیت اور خدمت کرنے والی قیادت ہی اس ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 118 کے امیدوار کے چناؤ کیلئے ارکان و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔