• news

 اسحاق ڈار کو خزانے کی چابی دینا معیشت کے ساتھ مذاق : عمر سرفراز 

لاہور (نیوز رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر)  مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ وارداتیوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے۔ انکا اقتدار پر قبضہ صرف اپنی چوری بچانے کیلئے تھا۔ عمر سرفراز چیمہ نے ڈی جی پی آر لاہور میں صوبائی وزیر کھیل و ثقافت ملک تیمور مسعود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملکی معیشت کو 5.9 فیصد پر لیکر جا رہا تھا مگر  کرپٹ ٹولے نے صرف چار ماہ میں ترقی کرتی پھلتی پھولتی معیشت کو تباہ و برباد کردیا۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ خواجہ آصف، خرم دستگیر اور مریم اورنگزیب یہ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف نے اہم قومی معاملات پر ایک ایسے شخص سے مشاورت کی جو سزا یافتہ مجرم ہے اور جعلی میڈیکل رپورٹ پر ملک سے فرار ہوا ہے۔ ملکی معیشت کے ساتھ اس سے بڑا مذاق کیا ہو سکتا ہے کہ منی لانڈرنگ میں کمال حاصل کرنے والے اسحاق ڈار کو ملکی خزانے کی چابی دے دی گئی ہے۔ ملکی مسائل کا واحد حل صرف جلد از جلد اور شفاف انتخابات میں ہے۔  منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کے دوران مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، سابقہ حکومتوں نے سیاحت جیسے اہم شعبہ کو پس پشت ڈالے رکھا۔ 75 سال بعد ملک کو عمران خان کی شکل میں ایسا لیڈر ملا جس کا محور صرف عوام کی خدمت ہے۔ عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے وہ کام کیا جو 75 سالوں میں نہ ہوسکا۔ صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا عشرہ رحمۃ للعالمینؐ کے حوالے سے صوبائی وزارت کھیل و امور نوجوانان نے حضرت محمدﷺ کی حیات طیبہ اور سیرت پر مختلف پروگرام ترتیب دیئے ہیں، وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی محفل سماع میں شرکت کریں گے، پنجاب کی 10ڈویژنز میں طلبہ و طالبات میں کوئز مقابلے منعقد کئے جائیں گے، محافل میلاد، مقابلہ قرات ہوں گی اور سیرت کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی۔ مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ شروع ہو رہا ہے جس میں ہم سب کو برکتیں سمیٹنا ہیں، پنجاب حکومت عشرہ رحمۃ لعالمینؐ مذہبی جوش و جذبے سے منائے گی۔ اس موقع سیکرٹری انفارمیشن پنجاب راجہ منصور اور ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب سید عمیر حسن بھی موجود تھے۔
 عمر سرفراز چیمہ

ای پیپر-دی نیشن