غیرقانونی سکیموں کے خلاف آپریشن: نجی سوسائٹی کے گارڈز کا حملہ‘ اے سی سٹی سمیت 10 زخمی
لاہور (خبر نگار) غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن میں روڈا ٹیم اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی پر حملہ، متعدد ملازم شدید زخمی، سرکاری گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا، گذشتہ روز روڈا انتظامیہ نے موہلنوال ایریا میں غیرقانونی ہائوسنگ سکیم کیخلاف آپریشن کا آغاز کیا تو نجی سکیم کی انتظامیہ نے اپنے ملازموں کے ذریعے ٹیم پر حملہ کر دیا۔ 100سے زیادہ افراد نے روڈا ٹیم اور اے سی سٹی پر حملہ کر دیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ غنڈہ عناصر کی اس کارروائی میں روڈا کے 10ملازمین شدید زخمی ہوگئے جبکہ اسٹنٹ کمشنر سٹی کے ڈرائیور سر پر چوٹوں سے بیہوش ہوگئے۔ روڈا لینڈ منیجر جازب وٹو کی تشدد سے بائیں ٹانگ ٹوٹ گئی، زبیر عالم منیجر آرکیٹکٹ کا بازو فریکچر ہوگیا جبکہ کنول صدیق ایس ڈی او‘ عمران سب انجینئر‘ عمران شہزاد گارڈ‘ فیضان ظفر، عثمان پاشا منیجر سٹرکچر، کرنل ریٹائرڈ اعجاز، عثمان خالد کیمرہ مین بھی شدید زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے روڈا ملازمین سے پرس، گارڈز سے بندوقیں‘ سرکاری کیمرہ چھین لیا۔ عمران امین سربراہ روڈا نے کہا کہ کسی فرد کو حکومتی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جو ہائوسنگ سوسائٹی غیر قانونی ہیں ان کو کسی طور منظور نہ کیا جائے گا۔ روڈا ملازمین پر حملہ کرنے والے غنڈہ عناصر کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ محمد مرتضیٰ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ شہر میں غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن جاری رہے گا۔
روڈا