ہربنس پورہ :شوہر کی فائرنگ سے بیوی قتل‘ ملزم کا اقدام خودکشی
لاہور (نامہ نگار)ہربنس پورہ میں گھریلو جھگڑے پر خاوند نے فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کردیا اور پھر خودکشی کی کوشش میں اپنے گلے پر چھری کے وار سے خود کو شدید زخمی کر لیا۔ ہربنس پورہ کے علاقے چمن پارک، کینال بینک روڈ کے رہائشی غلام شبیر نے گھریلو جھگڑے پر طیش میں آکر اپنی 30 سالہ بیوی منظوراں بی بی پر فائرنگ کر دی جو سر پر گولی لگنے سے موقع پر دم توڑ گئی۔ محلے دار اکٹھے ہونے پر ملزم غلام شبیر نے چھری سے اپنا گلا کاٹ لیا۔ جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے 35 سالہ زخمی ملزم غلام شبیرکو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ منظوراں کی بہن پروین بی بی کی مدعیت میں غلام شبیر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزم مقامی فیکٹری میں سکیورٹی گارڈ کا کام کرتا ہے اور میاں بیوی میں اکثر ناچاقی رہتی تھی۔
بیوی قتل