تمام فارمیشن خطرے سے نمٹنے کیلئے چوکس رہیں ، دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں کسر نہیں چھوڑنی چاہئے : آرمی چیف
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ تمام فارمیشن کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس میں خاص طور پر سیلاب کی صورتحال اور ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کا عزم کیا۔ فورم نے سرحدوں کی صورتحال، داخلی سلامتی اور فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سلامتی کے ماحول کا ایک جامع جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے عزم کیا کہ دہشت گردی کی بحالی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارمیشن کو تمام سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے، تمام فارمیشنز کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔