فیصل آباد‘ چنیوٹ‘ نارنگ منڈی: مہنگائی گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 4 افرادکی خودکشیاں
فیصل آباد‘ چنیوٹ‘ نارنگ منڈی (نمائندہ خصوصی + نمائندگان نوائے وقت) فیصل آباد میں حالات سے دلبرداشتہ دو نوجوانوں نے خودکشی کر لی جبکہ خواتین سمیت پانچ افراد نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔ تفصیل کے مطابق ٹیپو سلطان کالونی کھرڑیانوالہ کے رہائشی اٹھائیس سالہ علی حسن ولد عبدالرزاق نے اپنے سر میں گولی مار کر اور پنڈی شیخ موسی کے رہائشی چونتیس سالہ عارف ولد لیاقت نے زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کر لی، جبکہ گھریلو حالات سے دلبرداشثہ ریلوے کالونی کی رہائشی بتیس سالہ بلقیس بی بی زوجہ سعید، سمن آباد کی رہائشی چالیس سالہ رفعت بی بی زوجہ مقبول، 245 ر ب کی رہائشی اٹھارہ سالہ نیکاں بی بی دختر محمد یار، ڈھڈی والا کے رہائشی ستائیس سالہ ریاض ولد اکبر اور 111 ج ب کے رہائشی پینتالیس سالہ محمد حسین ولد فتح محمد نے زہریلی گولیاں نگل کر اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کی۔ متاثرہ افراد کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ چنیوٹ میں شو روم مالک کا قرض نہ ادا کرنے پر اور پولیس کے دباﺅ سے دلبرداشتہ ہو کر خود سوزی کرنے والا محنت کش نو جوان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ شہریوں کا واقعہ پر اظہار افسوس، وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق چنیوٹ محلہ معظم شاہ کا رہائشی نو جوان غریب محنت کش احسان الہی جو اکرم بانا فرنیچرز پر کام کرتا تھا، ایڈوانس اُدھار کی رقم واپسی ادائیگی نہ ہونے پر شو روم فرنیچر مالک اکرم نے اس کے گھر پولیس کے ذریعے دباﺅ ڈلوایا۔ جبکہ نارنگ منڈی میں غربت، مہنگائی ایک اور جان لے گئی۔ 30 سالہ تین بچوں کے باپ نے زہریلی گولیاں کھاکر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ محلہ شریف پورہ کا رہائشی رفاقت مسیح جو کہ تین بچوں کا باپ تھا کرائے کے مکان میں رہتا اور محنت مزدوری کر کے بیوی بچوں پیٹ پالتا تھا، غربت اور مہنگائی کی وجہ سے گھریلو ناچاقی میں اضافہ ہوتا گیا جس پر طیش میں آکر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
خودکشیاں