لاہور: انگلش کھلاڑیوں سے عام شہریوں کی ملاقات، کابینہ کمیٹی کا اظہار تشویش
لاہور(نیوز رپورٹر+سپورٹس رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور راجہ بشارت نے انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں سے عام شہریوں کی ملاقات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں لاہور آنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی اور میچزکے انتظامات پر بھی غور کیا گیا، کمیٹی نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں سے ہوٹل میں عام لوگوں کے میل جول پر تشویش کا اظہار کیا اور مہمان ٹیم کی سکیورٹی مزید سخت کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہمان ٹیم کیلئے طے شدہ سکیورٹی پروٹوکول پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں لاہور میں 6 اکتوبر سے پاکستان جونیئر لیگ کے انتظامات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔