شیخوپورہ: چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی کے گھر 5 مسلح افراد داخل، ملازمین پر تشدد
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف (نظریاتی) کے چیئرمین اختر اقبال ڈار کی رہائش گاہ پر دن دیہاڑے پانچ مسلح ملزم داخل ہوگئے۔ انہوں نے اختر اقبال ڈار اور انکی فیملی پر حملہ کی کوشش کی تاہم سکیورٹی گارڈز کی مداخلت اور قریبی پاسپورٹ آفس کے سکیورٹی گارڈز اور سائلین کے بروقت پہنچنے سے دو ملزموں کو اسلحہ سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا جبکہ تین ملزم فرار ہوگئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کے ویگو ڈالہ کو قبضہ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او فیصل مختار موقع پر پہنچ گئے۔ اختر اقبال ڈار اپنے آفس جانے کی تیاری کررہے تھے کہ اس دوران ملزم ویگو ڈالہ ان کے گھر کے باہر کھڑا کرکے بیرونی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوگئے۔ گھر میں موجود سکیورٹی گارڈ نے بروقت مزاحمت کرتے ہوئے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت قابو کرلیا۔ اختر اقبال ڈار کے مطابق ملزمان قتل کی نیت سے آئے۔ انہوں نے ان کے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ دن دیہاڑے اس واردات سے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھل کر سامنے آگیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کروا کر حقائق کو منظر عام پر لایا جائے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی عمران، شرافت کے نام سے شناخت ہوئی ہے جن کا تعلق نواحی گائوں دھیڑ فیروزوالہ سے ہوئی ہے۔
اختر اقبال ڈار