نواز شریف کی واپسی کیلئے پنجاب میں تبدیلی ضروری: خواجہ آصف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مریم نواز کے باعزت بری ہونے کے بعد نواز شریف جلد واپس آئیں گے، مگر انہیں احتیاط کی ضرورت ہے، نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل پنجاب میں تبدیلی ضروری ہے۔ نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو میں خواجہ آصف نے پنجاب میں تبدیلی کی کوشش کے سوال پرکہا کہ ہم اس پوزیشن میں ہوجائیں گے ، کوشش ہے اور جاری رہے گی، وہ پنجاب میں کون سا ڈیڑھ، 200 کی اکثریت لے کر بیٹھے ہوئے ہیں، ان کے پاس سات، آٹھ کی اکثریت ہے۔ آرمی چیف کی تقرری کے سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ ابھی دو مہینے ہیں، تاریخ کا فیصلہ یہ ہے کہ چار آرمی چیف نواز شریف نے مقرر کئے تھے، پانچواں آرمی چیف نواز شریف کا بھائی مقرر کرنے جا رہا ہے۔ عمران خان کی آڈیو لیک سے پتا چلتا ہے ملکی سلامتی کے خلاف سازش کی گئی۔ عدلیہ نے ہماری بے گناہی ثابت کی۔ نواز شریف کی بریت میں زیادہ دیر نہیں ہو گی۔ مریم نواز کے 5 سال کا حساب کون دے گا۔ امید ہے نواز شریف کو بھی جلد انصاف ضرور ملے گا۔ جو کہتے تھے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی وہ دیکھ لیں۔ شہبازشریف وزیراعظم ہیں۔ جے آئی ٹی کا مقصد نواز شریف کی پارٹی صدارت اور حکومت ختم کرنا تھا۔ ثاقب نثار کی سربراہی میں عدلیہ نے جو کھیل کھیلا وہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ ادھر وزیر دفاع نے لندن میں قائد مسلم لیگ ن نوازشریف سے ملاقات کی۔ خواجہ آصف نے ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز کے بری ہونے پر نواز شریف کو مبارکباد دی۔ نواز شریف اور خواجہ آصف کی ملاقات میں ملکی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ چودھری منیر اور راحیل نے بھی نواز شریف سے ملاقات کرکے مریم نواز کی رہائی پر مبارکباد دی اور مٹھائی پیش کی۔