مودی کا ایک اور وار، تنظیم پی ایف آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی معطل
نئی دلی+اوٹاوہ (اے پی پی+نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے مسلم پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس سے وابستہ ذیلی تنظیموں پر پابندی عائدکئے جانے کے بعد فرنٹ کے ٹوئٹر سمیت سوشل میڈیا اکائونٹس بھی معطل کر دیئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاپولر فرنٹ اور اس کی 8ذیلی تنظیموں پر گزشتہ روز ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں چھاپوں اور تنظیم کے 240سے زائد رہنمائوں اور عہدیداروں کی گرفتاری کے بعد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ اب مودی حکومت نے فرنٹ اور اس کے عہدیداروں کے سوشل میڈیا اکائوٹس بھی معطل کر دئیے ہیں۔ پی ایف آئی کے کئی ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا اکائونٹس کو بند کر دیا گیا ہے جن میں پی ایف آئی کا آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ اور فرنٹ کے چیئرمین عبدالسلام سمیت کئی عہدیداروں کے ٹوئٹر اکائونٹس شامل ہیں۔کینیڈا میں کامیاب خالصتان ریفرنڈم بھارت سے ہضم نہ ہو سکا۔ دونوں ممالک میں سفارتی جنگ چھڑ گئی۔ بھارتی طلبہ کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی تو چار دن بعد کینیڈا نے اسی زبان میں جواب دیا۔ کینیڈا نے اپنے شہریوں کو بھارت کے سفر میں احتیاط کی ہدایت کی ہے۔ بھارت نے کینیڈین حکومت پر ریفرنڈم رکوانے کیلئے دباؤ ڈالا تھا۔ کینیڈا نے ریفرنڈم کو پر امن اور جائز قرار دیتے ہوئے پابندی لگانے سے انکار کر دیا تھا۔