آڈیو لیک کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ، ان لوگوں کو ڈیل سے واپس لانا بڑا جرم : عمران
مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف تمہارا مشکور ہوں پرنسپل سیکرٹری سے میری آڈیو لیک کردی۔ آپ نے ثابت کر دیا مراسلہ حقیقت ہے۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تمہارا خاص شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ آپ نے پرنسپل سیکرٹری سے میری بات چیت لیک کردی، آپ نے ثابت کر دیا کہ مراسلہ حقیقت ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کے لیے آواز اٹھائی، آپ کا سفیر بنا، ہم نے فیصلہ کیا کشمیریوں کی قربانیوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اللہ نے جو مظفرآباد میں خوبصورتی دی ہے بہت کم جگہ پر دی ہے، وعدہ کرتا ہوں جب تک زندہ ہوں ہر فورم پر کشمیر کی آواز اٹھاؤں گا۔ حکومت نے آزادکشمیر کے پیسے میں کٹوتی کر دی ہے۔ یہ 200 ارب سے کٹوتی کر کے آپ کو 60 ارب دے رہے ہیں۔ انہوں نے آزادکشمیر کا شیئر کم کر دیا ہے۔ انہوں نے نئے وزیر خزانہ سے متعلق کہا کہ اسحاق ڈار جب بھی وزیر خزانہ بنا، ملک کا دیوالیہ نکال کر گیا۔ آج اس کو واپس لے آئے ہیں۔ ان کے جو ہینڈلرز سمجھتے ہیں کہ ہم ان چوروں کو تسلیم کر لیں گے، وہ بھول میں نہ رہیں۔ ’تیاری مکمل کر رہا ہوں، جلد قوم کو کال دوں گا۔ ان لوگوں کو ڈیل کر کے ملک میں واپس لانے سے بڑا جرم نہیں ہو سکتا۔ اگر ان لوگوں کو این آر او دینا ہے تو غریبوں کو کیوں بند کیا ہوا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم فیصلہ کن وقت ہے، ہم پر پی ڈی ایم کی حکومت باہر سے مسلط کی گئی، اس ملک کا وزیر اعظم کہتا ہے ہماری مدد کریں، شہباز شریف گوری کے سامنے بیٹھ کر کہتا ہے ہماری مدد کریں، ہم عظیم قوم ہیں۔ کسی انسان اور سپر پاور کے سامنے جھکنا شرک ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتا ہے میں مانگنے نہیں آیا لیکن میری مجبوری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جو لوگ چوری کا پیسہ کرپشن کا پیسہ باہر لے جاتے ہیں تو روپے کی قدر کم ہو جاتی ہے۔ اگر ہم نے چپ کر کے یہ چیز برداشت کر لی تو ہم میں اور بھیڑ بکری میں کوئی فرق نہیں ہو گا، جو سمجھتے ہم ان چوروں کو برداشت کر لیں گے وہ غلط سمجھتے ہیں، میں جلد کال دینے والا ہوں، آپ نے میرے ساتھ نکلنا ہے۔ میں جب آپ کو کال دوں گا آپ نے اس مستقبل کے لیے نکلنا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا چیف الیکشن کمشنر چیف الیکٹورل فراڈ ہے۔ یہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے ساتھ مل کر میچ فکس کرتا ہے۔ سکندر سلطان سن لو اگر تم میں غیرت ہے تو استعفیٰ دو۔ ہم آپ کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب میں اہم کامیابی ملی ہے۔ چنیوٹ میں رکن صوبائی اسمبلی تیمور امجد لالی کے توسط سے غلام عباس نسوانہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ 2018ء کے الیکشن میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے غلام عباس نسوآنہ نے بنی گالہ میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔