• news

جلد وطن آنا چاہتا ہوں : نواز شریف ، بریت فیصلہ سیاسی انتقام کے منہ پر تھپڑ : شہباز شریف ، سچ سامنے آگیا : مریم نواز 

اسلام آباد (خبرنگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزائیں کالعدم ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کا ایک تاریک دور اپنے انجام کو پہنچا اور بے گناہ سرخرو ہوئے ہیں، عدالتی فیصلہ سے جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کی عمارت زمیں بوس ہو گئی، امید ہے کہ میرے قائد نوازشریف کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ مریم نواز کے بری ہونے پر قائد نوازشریف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ میرے قائد کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بیٹی مریم اور بیٹے صفدر کو بالآخر انصاف ملا، اللہ تعالی کے حضور ہمارے سر شکر کے احساس سے جھکے ہوئے ہیں کہ اس نے ہمیں سرخرو کیا ہے۔ مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر نے بہادری، صبر اور ثابت قدمی سے مشکل ترین حالات کا سامنا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت احتساب کے نام نہاد نظام کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا، عدالت سے بری ہونے پر بیٹی مریم اور صفدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، شہباز شریف  نے مریم نواز کی بریت پر مبارکباد دی۔
اسلام آباد (وقائع نگار+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت سے سنائی گئی سزا کالعدم قرار دیے جانے کے بعد نواز شریف نے لندن سے ٹیلیفون پر مریم نواز سے بات کی اور انہیں مقدمے سے بری ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ مریم نواز نے اپنے والد سے بات کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالی نے انہیں اس جھوٹے بے بنیاد مقدمے میں سرخرو کیا ہے، جھوٹ کی شیلف لائف بہت کم ہوتی ہے، بالآخر اس نے اسی طرح ختم ہونا ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے والد کو یقین دہانی کروائی کہ انشاء اللہ آپ پر قائم مقدمہ بھی اسی طرح ختم ہو گا اور آپ بہت جلد پاکستان میں ہوں گے۔ نواز شریف نے مریم نواز کو بہت دعائیں دیں جس پر مریم نواز نے آمین کہا اورا ن کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں نواز شریف نے کہا ہے کہ جلد پاکستان جانا چاہتا ہوں، ایک دن ملک سے باہر رہنا بھاری ہے۔ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور مریم نواز کے خلاف مقدمات سیاسی تھے۔ مقصد ہمیں سیاست سے باہر نکالنا تھا۔ خدا نے جھوٹوں کو بے نقاب کیا، 2018ء کے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے عجلت میں سزا سنائی گئی،ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جلد پاکستان واپسی کا امکان ہے۔ جس کے لیے انہوں نے اپنے ساتھیوں سے مشورے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لمبی آزمائش کے بعد سچ سامنے آگیا ہے اور ہماری بیگنا ہی ثابت ہوگئی، پاکستان میں کبھی کسی کا اتنا کڑا احتساب نہیں ہوا، فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، نواز شریف سے فون پر گفتگو ہوئی ہے، نواز شریف میرے والد اور لیڈر ہیں، انہیں بتا دیا کہ ہم سرخرو ہو گئے ہیں، فیصلہ آیا تو سب سے پہلے نواز شریف یاد آئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا میری بات تو بہت بعد میں آتی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نہیں معلوم ملک کی سلامتی سے کھیلنا کتنا خطرناک ہے، عمران خان کھیل کھیل میں ملک سے کھیل گیا اور لوگ تماشا دیکھتے رہے، قومی سلامتی اور خارجہ امور، کیا یہ کھیل ہے۔ نام پوچھو تو عمران خان اے بی سی پڑھنے لگتے ہیں۔ نائب صدر مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار میں آئے تھے، وہ ایک غیر ذمہ دار شخص ہیں۔ جنہوں نے ہمارے خلاف کیس بنایا ان کو کہنا چاہتی ہوں آپ ناکام ہوگئے۔ مریم نواز نے کہاکہ آج عمران خان کی شکل دیکھنا چاہتی ہوں، جس شخص نے ہمیشہ جھوٹے الزامات کی سیاست کی اسکا کیا بنے گا، میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ اب کیا کروگے؟، جھوٹے الزامات، بہتان لگائے، اب کیا منہ دکھاؤ گے، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا، جھوٹا الزام لگانے پر تاریخ عمران خان سے جواب لے گی،اس کیس کا بینیفشری عمران خان ہے، اس کھیل کے کوچز کا بھی علم ہے، عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ہے، کل کی آڈیو لیک میں تسلیم کیا گیا کہ اس پر کھیلنا ہے،  اتنے اہم ایشو پر کھیلنا اور میٹنگ آف منٹس میں تبدیلی کیا مذاق ہے، شوکت ترین کی آڈیو کال سے بڑا کیا ثبوت ہوگا،پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کیا گیا، عمران خان نے پاکستان کو عالمی اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ قرار دیا، مذہب کا تماشہ بنایا گیا،نواز شریف نے انگلی اٹھا کر اپنا فیصلہ خدا کے سپرد کیا تھا، ایسے شخص کو فوراً جیل میں ڈالنا چاہیے، میرا داماد راحیل منیر خاندانی کاروبار چلا رہا ہے، راحیل منیر کی مشینری عمران خان کے دور میں آگئی تھی، میری آڈیو لیک کرنے میں عمران خان اور اس کا کوچ شامل ہیں، صحت کارڈ پروگرام کو میں دیکھتی تھی، میں نے کبھی نہیں کہا کہ صحت کارڈ ختم کرو، مریم نوازنے کہاکہ نیب کی حراست کے دوران میری نائٹ سوٹ میں ویڈیو ریکارڈ کی گئی، میں عورت کارڈ استعمال نہیں کرتی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مریم نواز کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وتعِز من تشا وتذِل من تشا۔ اللہ نے بڑا کرم کیا ہے اللہ نے بڑی عزت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے شہباز شریف نے مریم نواز کو انکی اور کیپٹن صفدر کی بریت پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن