بلاول‘ فضل الرحمن کے مریم کو فون‘ مبارکباد‘ جدوجہد پر خراج تحسین
اسلام آباد+ پشاور (خبرنگار+ این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فون کیا۔ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے مریم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر مبارک دی۔ دونوں رہنمائوں نے مریم نواز شریف کی قانونی اور سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آپ نے سیاسی انتقام کا بہادری، حوصلہ اور استقامت سے مقابلہ کیا۔ دونوں راہنماؤں نے مریم نواز اور شریف فیملی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہارکیا۔ مریم نواز شریف نے بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا فون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماؤںنے مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے مریم نواز کی قانونی اور سیاسی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔ پشاور سے این این آئی کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے مریم نواز کی بریت کا خیر مقدم کیا ہے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ثاقب نثار اور پی ٹی آئی گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا۔ یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی سمیت نیب کا کردار ہر کیس میں شرمناک رہا۔ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ نیب کے ذریعے ایک مخصوص سیاسی جماعت کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے، اسفند یار ولی خان نے کہاکہ نیب ہی کے ذریعے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگا کر ایک سیٹ والے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا، آف شور کمپنیاں عمران خان کی بھی نکل آئیں لیکن اس کو صادق اور امین قرار دیا گیا، ثاقب نثار نے اپنے منصب کی توہین اور فرائض سے کوتاہی کی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ جس نے انصاف کا خون کیا ہے اس کے خلاف کارروائی ہو۔ جبکہ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ان کی بریت پر مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کے مشیر نے مریم نواز کی بریت پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔ انجینئر امیر مقام نے پارٹی قائد نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے تمام عہدیداران و کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے پوری پارٹی کے لیے بڑا اعزاز قرار دیا۔