پی سی جے سی سی آئی کے انتخابات:معظم گھرکی بلامقابلہ صدر منتخب
لاہور(کامرس رپورٹر ) معظم گھرکی پاکستان چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی سی جے سی سی آئی) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔ جبکہ فانگ یولونگ، سی ای او، ایسٹ سی ہولڈنگ (چنگ ڈاو¿) کمپنی لمیٹڈ اور حمزہ خالد، منیجنگ ڈائریکٹر، اتفاق۔ گروپ کو بالترتیب سینئر نائب صدر اور نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اعلان الیکشن کمشنر نے پی سی جے سی سی آئی کی آٹھویں سالانہ جنرل میٹنگ میں کیا، جو سبکدوش ہونے والے صدر وانگ زیہائی اور سینئر نائب صدر احسن چودھری کے ساتھ گزشتہ روز پی سی جے سی سی آئی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ سال 2022-23 کے انتخابی نتائج کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی کی خالی نشستوں پر 5 نئے اراکین کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میں شامل ہیں۔ معظم گھرکی، سعد اکبر خان، حمزہ خالد، فانگ یولونگ، سید علی رضا رضوی، معظم گھرکی نے ایک پریس بیان میں وانگ زیہائی کی صدارت میں بڑے پیمانے پر مثبت پیش رفت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ ان کی قابل قیادت کی وجہ سے ہے کہ آج پی سی جے سی سی آئی نے اہداف حاصل کیے ہیں اور اب بڑے اہداف کی طرف گامزن ہیں“۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی تاجر برادری میں اپنے نمایاں مقام کی وجہ سے وہ چیمبر کی ترقی کیلئے اپنے تمام کاروباری تعلقات اور مہارت کو بروئے کار لائیں گے۔
پی سی جے سی سی آئی کے نائب صدر حمزہ خالد نے کہا کہ میں اپنے چینی ہم منصبوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کروں گا کیونکہ بہت سی چینی کمپنیاں ہیں جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کم لاگت کے مکانات کی تعمیر شروع کرنا چاہتی ہیں۔