ایشیائی بنک سے ملنے والے 2 ارب ڈالر سیلاب متاثرین کی مدد‘ انفراسٹرکچر بنانے پر خرچ ہونگے
اسلام آباد (اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور پائیدار بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر کی سرگرمیوں میں مدد کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائدکی معاونت کی منظوری دی ہے۔ یہ متاثرین کی مدد اور پائیدار بنیادی ڈھانچہ بنانے کیلئے استعمال ہو گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی ومغربی ایشیا یوجین ژوکوف نے منیلا میں ورچوئل پریس کانفرنس میں جانی ومالی نقصان پر پاکستان سے ہمدردی اور غم کا اظہار کیا اورکہاکہ بینک نے پہلے ہی خوراک کی فراہمی اور خیموں کی فوری خریداری کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کردی ہے۔ انتہائی ضروری فوری امداد، متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے 500 سے لیکر 700 ملین ڈالرتک کا پیکج بھی دیا جارہا ہے جس کی منظوری رواں سال کے آخر میں دی جائے گی۔ ایشیائی بنک پاکستان میں معاشی طوپرر کمزور طبقات پر خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور دیگر بیرونی جھٹکوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مزید 1.5 ارب ڈالر کی کاﺅنٹر سائیکلیکل سپورٹ پر کارروائی کر رہا ہے۔ مقامی حکومت اور دیگر بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے قریبی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آفات کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ، پاکستان میں حالیہ سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے، اس سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 6 لاکھ کے قریب امدادی کیمپوں میں ہیں، سیلاب سے 1.7 ملین گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
ایشیائی بنک