• news

سابق دور میں پابندیاں لگیں‘ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے: مریم اورنگزیب


اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے مری پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔  مری پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، گزشتہ دور میں میڈیا پر پابندیاں عائد کی گئیں، صحافیوں کے قلم توڑے گئے، ان کے چلتے ہوئے پروگرام بند کئے گئے، سابق دور میڈیا کے لئے سیاہ ترین دور تھا، مری ملک کا معروف سیاحتی ہل سٹیشن ہے جہاں ملک بھر سے پورا سال لاکھوں سیاح سیر کی غرض سے آتے ہیں، مقامی صحافی اپنے قلم اور کیمرے کے ذریعے پاکستان بالخصوص دنیا بھر میں مری کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مری پریس کلب کی ایکریڈیٹیشن اور صحافیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت مری کے صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گی۔ مری پریس کلب کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مری پریس کلب کے مسائل سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن