کو ہلو بازار میں بم دھما کہ ، ایک جاں بحق ، 12زخمی ،مردان میں خود کش بمبار ہلاک
کوہلو‘ مردان (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے شہر کوہلو کے بازار میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف مردان میں خودکش بمبار حملے کی کوشش میں خود ہی مارا گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ کوہلو شہر کے بازار میں ایک دکان پر ہوا، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہلو منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور انتظامیہ موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ کوہلو میں بم دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ کوہلو میں دھماکا گزشتہ صبح 10 بج کر 5 منٹ پر ہوا جس کے بعد بازار میں بھگدڑ مچی۔ ویڈیو میں دھماکے کے بعد موقع پر دھوئیں اور گرد اڑتی دیکھی جاسکتی ہے۔ کوہلو دھماکے کے زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کوہلو میں دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا اور اس میں 2 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ ادھر مردان میں خودکش حملہ آور ٹارگٹ تک پہنچے سے قبل ہی دھماکے سے ہلاک ہوگیا، واقعہ جمعہ کی نماز سے قبل پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق مردان کے تھانہ چورہ کی حدود میں کھیتوں میں خودکش حملہ آور ٹارگٹ سے پہلے دھماکے سے ہلاک ہوگیا، دھماکے کے بعد کھیت سے ایک شخص کے جسم کے اعضا ملے جس کے بعد پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرلیے۔ ریجنل پولیس آفیسر محمد علی خان نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ دھماکے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ واقعہ پر ڈی آئی جی مردان محمد علی گنڈاپور نے کہا ہے کہ دھماکے سے خودکش بمبار ہلاک ہوا‘ دھماکہ پولیس تھانہ چورہ کے نزدیک کھیتوں میں ہوا ہے‘ ریجن میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔