سا ئفر کی کا پی غا ئب ، عمران کیخلاف کا رروا ئی کمیٹی قا ئم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈپلو میٹک سائفر کی کاپی وزیر اعظم ہائوس کے ریکارڈ سے غائب ہے، ڈپلومیٹک سائفر کے معاملہ پر تفصیلی مشاورت کے بعد کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جو تمام ملوث کرداروں سابق وزیراعظم، سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر، سینئر وزراء کے خلاف قانونی کارروائی کا تعین کرے گی۔ کابینہ کمیٹی میں حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے نمائندوں کے علاوہ خارجہ، داخلہ، قانون کی وزارتوں کے وزراء شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت جمعہ کو کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آڈیوز لیکس کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی (این-ایس-سی) کی طرف سے اس معاملہ کی مکمل تحقیق کرنے کے فیصلے کی تائید کی۔ تاہم اس امر پہ شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ڈپلومیٹک سائیفر سے متعلق سابق وزیراعظم، سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعظم اور دیگر افراد کی یکے بعد دیگرے سامنے آنے والی آڈیوز نے سابق حکومت اور وزیر اعظم عمران نیازی کی مجرمانہ سازش بے نقاب کردی ہے۔ ایک ڈپلومیٹک’سائیفر‘ کو من گھڑت معانی دے کر سیاسی مفادات کی خاطر کلیدی قومی مفادات کا قتل کیاگیا اور ’فراڈ، جعلسازی، ’فیبریکیشن ‘ کے بعد اسے چوری کرلیا گیا۔ یہ آئینی حلف، دیگر متعلقہ قوانین، ضابطوں خاص طور پر ’آفیشل سیکرٹ ایکٹ‘ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ ریاست کے خلاف ناقابل معافی جرائم کا ارتکاب ہے جس کے ذریعے کلیدی ریاستی مفادات پر سیاسی مفادات کو فوقیت دی گئی۔ لہذا آئین، قانون اور ضابطوں کے تحت لازم ہے کہ اس سارے معاملے کی باریک بینی سے چھان بین کی جائے اور ذمہ داروں کاواضح تعین کرکے انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دی جائے۔ ڈپلومیٹک سائیفر کے معاملے پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی جس میں یہ انکشاف ہوا کہ متعلقہ سائفر کی کاپی وزیر اعظم کے ریکارڈ سے غائب ہے،۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ سابق وزیراعظم کو بھجوائے جانے والے اس سائیفر کی وزیراعظم ہائوس میں وصولی کا اگرچہ ریکارڈ میں اندراج موجود ہے لیکن اس کی کاپی ریکارڈ میں موجود نہیں۔ قانون کے مطابق یہ کاپی وزیراعظم ہاوس کی ملکیت ہوتی ہے ۔ اجلاس نے قرار دیا کہ ڈپلومیٹک سائیفر کی ریکارڈ سے چوری سنگین معاملہ ہے۔ کابینہ کے اجلاس نے وزیراطلاعات ونشریات محترمہ مریم اورنگزیب کو لندن میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ہراساں کرنے، ڈرانے دھمکانے، سربازار بدکلامی، بدتہذیبی کانشانہ بنانے اور ہجوم کی صورت میں گھیرائو اور پیچھا کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس نے کہاکہ اسلام، مغربی تہذیب، قانون اور سیاسی کلچر میں کسی خاتون کے ساتھ خاص طور پر اس نوعیت کے کسی منفی رویے کی کوئی گنجائش موجود نہیں، یہ محض غنڈہ گردی ہے جس کی کوئی معاشرہ اجازت نہیں دے سکتا۔ اجلاس نے مریم اورنگزیب کی مثالی تحمل مزاجی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے جذبے ، ہمت اور بہادری کو سراہا اوران کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہارکیا۔ اجلاس نے یہ بھی قرار دیا کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت نے نہ صرف مرد سیاسی مخالفین خاص طورپر خواتین کو ہمیشہ بدتہذیبی اور بدکلامی کا نشانہ بنایا ہے بلکہ خواتین صحافیوں کے ساتھ بھی ہمیشہ نہایت ہی قابل مذمت رویہ اپنایا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے بارے میں عمومی طورپر پی ٹی آئی اور اس کے چئیرمین کا رویہ ہمیشہ ہی متعصبانہ، جانبدارانہ اور توہین آمیز رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔ معاشرے کے ہر طبقے سمیت تمام پاکستانیوں کو اس ناقابل قبول طرزعمل کی مذمت کرنی چاہئے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر ریکوڈک کے حوالے سے وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کے ریکوڈک منصوبے کی تعمیر کے بارے سپریم کورٹ کے گزشتہ فیصلے کے حوالے سے وزیراعظم کی سفارش پر صدرِ پاکستان کی طرف سے وضاحتی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ ریفرنس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ وفروغ کے بل2022ء کی منظوری کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی جائے گی۔کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر ’ای۔سی۔ایل‘ میںناموں کی شمولیت اور اخراج کے لیے نئے’ایس۔او۔پی‘ کی منظوری دی۔ نئے ’ایس۔او۔پی‘ کے تحت ’ای۔سی۔ایل‘ میں ناموں کی شمولیت اور اخراج کا طریقہ کار پہلے سے شفاف اور آسان بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ کابینہ نے ’ای۔سی۔ایل‘ میں 12 ناموں کی شمولیت اور 3 کے فہرست سے اخراج کی منظوری دی۔