این آئی آر سی میں ججوں کی عدم تعیناتی‘ ہائیکورٹ کا حکومت کو نوٹس
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے چیئرمین این آئی آر سی اور ممبران کی عدم تعیناتی کے خلاف دائر درخواست میں وفاقی حکومت‘ وزارت قانون و انصاف اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ادارہ نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمشن مزدوروں کی شکایات کے ازالے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے اس ادارے میں جج تعینات نہیں کئے گئے۔ مزدوروںکی پانچ ہزار درخواستیں زیرالتوا ہیں۔ ججوں کی عدم تعیناتیوں سے صنعتوں میں کام کرنے والے مزدور استحصال پر کسی فورم سے رجوع نہیں کر سکتے۔ عدالت این آئی آر سی کے چیئرمین اور ممبران کی فوری تعیناتی کے احکامات صادر کرے۔