جسٹس سسٹم گر گیا‘ ملزم فیصلہ کرتے ہیں‘ ان کا مخالف وکیل کون ہو گا‘ فواد چودھری
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کل مریم نواز کے کیس میں ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا اور حسب توقع انہیں اس کیس میں بری کردیا گیا۔ اس پر عمران خان پہلے دن سے بات کر رہے تھے‘ جو رجیم چینج ہوئی اس کے نتیجے میں پورا جسٹس سسٹم ہی گرگیا ہے اور تمام ملزمان خود فیصلے کر رہے ہیں کہ ہمارا مخالف وکیل کون ہوگا۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو کے پی کے ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی سینئر پی ٹی آئی رہنمائ افتخار درانی بھی ان کے ہمراہ تھے فواد چوہدری نے کہا کہ آپ نے دیکھا کہ جب شہباز شریف نے جب وزیراعظم کا حلف لیا ایف آئی اے کے 14 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ان کا وکیل دو دن میں تبدیل ہوتا ہے تو ان کے خلاف ایف آئی اے کا وکیل جس نے ان کے خلاف دلائل دینے ہیں وہ بھی ان کی مرضی کا لگ جاتا ہے‘ نیب اور پراسیکیوشن میں جس طرح ترامیم ہوئی ہیں اس کے بعد تو پاکستان میں کسی بڑے ملزم کو سزائ دیناتو ممکن ہی نہیں رہا اب دیکھتے ہیں سپریم کورٹ اس کو کیسے آگے لے کر جاتی ہے انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم کل کے مقدمے کے حقائق آپ کے سامنے رکھیں اور عام لوگ بھی یہ فیصلہ کریں کہ یہ کیا کیس ہے معاملہ کیا ہے اور کیسے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو کلین چٹ مل گئی۔