قصور میں ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کا افتتاح
قصور (نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل نے ضلع میں ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالعزیز میر، اسسٹنٹ کمشنر سجاد محمود بابر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر سلطان محمود اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں نے سلامی پیش کی اور ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے فیتہ کاٹا اور خود ریسکیو موٹر بائیک ایمبولینس چلا کرضلع میں سروس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو1122 عوامی خدمت کا ایک فلاحی منصوبہ ہے۔ وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی ٰ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ضلع قصور کو پہلے مرحلے میں 50 موٹر بائیکس دی گئی ہیں۔ موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز کا رسپانس ٹائم 4سے 5منٹ ہوگا۔