• news

حکومت کسان مذاکرات ناکام‘ پولیس‘ ایف سی کی بھاری نفری خیابان چوک پہنچ گئی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) حکومت‘ کسان مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں جس کے بعد کسان اتحاد کے احتجاج کے دھرنے کی جگہ خیابان چوک بلیو ایریا میں پولیس کے تازہ دم دستے پہنچ گئے۔ ایف سے کی بھاری نفری بھی خیابان چوک موجود ہے، قیدی لے جانے والی گاڑیاں اور ایمبولینس بھی خیابان چوک پہنچا دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق مظاہرین درختوں سے شاخیں توڑ کر لاٹھیاں بنا رہے ہیں اور پتھر بھی اکٹھے کر لئے ہیں۔ اگر مظاہرین نے پیش قدمی کی کوشش کی تو انہیں منتشر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کسی کو بھی کاروبار زندگی میں خلل ڈالنے اور توڑپھوڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ریڈ زون ریڈ لائن ہے۔ کسان یا کسی بھی گروہ یا جماعت کو ریڈ زون احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں، ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
 رانا ثناء اللہ

ای پیپر-دی نیشن