ٹرانس جینڈر بل ختم نہ کرایا تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر بل کو ختم نہ کروایا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گے۔ اتمام حجت کے لیے حکومت کو ایک ہفتہ دیا ہے کہ غیر اسلامی قانون واپس لے ورنہ جمعہ کو مسجدِ شہداء مال روڈ سے احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔ پی ٹی آئی، (ن) لیگ، پی پی کی لڑائی پالیسیوں پر نہیں اقتدار کے لیے ہیں۔ مغرب اور سیکولرازم کی پیروی میں تینوں جماعتیں ہر کام کرنے کو تیار ہیں۔ مغربی طاقتوں نے اپنی لابیز کے ذریعے پہلے ملک کے معاشی نظام کو تباہ کیا اب وہ ہماری نظریاتی اساس اور معاشرت پر حملہ آور ہیں۔ اللہ نے سودی نظام کو اپنے خلاف جنگ قرار دیا ہے مگر تینوں پارٹیوں نے اپنے اپنے دور اقتدار میں وفاقی شرعی عدالت میں جماعت اسلامی کی سودی نظام کے خلاف اپیلوں کی مخالفت کی۔ یہ کیسا ظلم ہے کہ ایک اسلامی ملک کے حکمران اللہ کے خلاف مزید جنگ جاری رکھنے کے لیے وقت مانگ رہے ہیں۔ کیا کوئی قوم اللہ اور اس کے رسولؐ کے خلاف جنگ جاری رکھ کر کامیاب ہوسکتی ہے؟ قوم متحد ہو کر ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر اور دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ دینی جماعتوں ، علما اکرام ، وکلا سے مشاورت کرچکے ، سب نے ٹرانس جینڈر قانون کو مسترد کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بننے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے جماعت اسلامی کی جانب سے سینٹ میں پیش کیاگیا خواجہ سراؤں کے حقوق سے متعلق ترمیمی بل پاس نہ کیا تو پارلیمنٹ، چوکوں، چوراہوں سمیت ہر فورم پر احتجاج ہوگا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی سے متعلق راز چوری ہو رہے ہیں۔ سرکاری دفاتر، رہائش گاہیں ملکی سکیورٹی کے لیے خطرہ بن گئیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک غیر محفوظ ہے، دونوں کو اقتدار میں لایا گیا۔ قوم جاننا چاہتی ہے کون آڈیو لیکس میں ملوث ہے؟ اگر ملک کا وزیراعظم اپنے دفتر کی حفاظت نہیں کر سکتا تو وہ ملک و قوم کی خاک حفاظت کرے گا؟ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی آڈیو لیکس سے دونوں اطراف ایکسپوز ہو گئیں۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے نوجوان ملک کی قیادت سنبھالیں اور اسے اسلامی فلاحی مملکت بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کے زیراہتمام یوتھ لیڈر شپ کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں منصورہ میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جاوید قصوری، قیصر شریف، ذکر اللہ مجاہد اورگوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 30 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے زیراہتمام مینار پاکستان پر ہونے والے یوتھ کنونشن میں ملک بھرسے نوجوان شرکت کریں گے۔
سراج الحق