پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پی کے کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ، چارجز وصولی معطل کر دی
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپی کے کے بجلی صارفین کے بلوں میں عائد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف دائر رٹ پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی کو فوری طور پر معطل کر دیا۔ رٹ میں جماعت سلامی خیبر پی کے نے موقف اختیار کیا تھا کہ چونکہ خیبر پی کے میں تمام تر بجلی پن بجلی یعنی ہائیڈرو الیکٹرک پاور ہے جس پر کسی قسم کے فیول کا کوئی خرچ نہیں آتا اور اس پرآئینی طور پر سب سے پہلے حق اس صوبہ کے عوام کا ہے اور یہاں پیدا ہونے والی پن بجلی صوبہ کی ضرورت سے فاضل یعنی ضرورت سے زیادہ بھی ہے اور اس پر خرچ ایک روپیہ یونٹ بھی نہیں آتا لیکن اس کے باوجود حکومت اور متعلقہ ادارے پہلے ہی مختلف فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجز، سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی اور مختلف ناموں سے متعدد ٹیکسوں کی صورت میں پہلے ہی عوام سے کم از کم 20 روپے یونٹ چارج کر رہے ہیں اور اب اس کو30 روپے یونٹ تک وصول کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے جوکہ سراسر ظلم اور عدل کے خلاف ہے۔