سارا قتل کیس،شاہ نواز کی والدہ کی عبوری ضمانت میں3 اکتوبر تک توسیع
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سارا قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ نواز کی والدہ ثمینہ شاہ کی عبوری ضمانت میں پیر 3 اکتوبر تک توسیع کردی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل جج شیخ سہیل نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ ملزم شاہ نواز کی والدہ ثمینہ شاہ اپنے وکیل ارسل امجد ہاشمی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ فارم ہاس میں لڑکی کی موجودگی سے متعلق خاتون کو کیا معلوم نہیں تھا ؟ ثمینہ شاہ نے پولیس کو ڈائریکٹ اطلاع کیوں نہیں دی ؟ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ خاتون 40 سال سے وہاں رہ رہی ہیں اور لڑکی کا اس کو معلوم بھی تھا۔ ثمینہ شاہ کی سابق شوہر ایاز امیر سے بات ہوئی آپ نے ذکر نہیں کیا۔ثمینہ شاہ کے وکیل ارسل امجد ہاشمی نے موقف اختیار کیا کہ ہماری طرف سے بروقت اطلاع دے دی گئی تھی۔ ملزم شاہ نواز نے پہلے ایاز امیر پھر مجھے کال کی۔ چالیس کنال کا فارم ہاؤس ہے درخواست گزار پہنچیں تو سارا وفات پا چکی تھیں، رات 12:37 منٹ کے بھیجے گئے واٹس ایپ میسج میں شاہ نواز نے ثمینہ شاہ کو کہا آپ سارا کی فیملی سے رخصتی متعلق بات کریں۔ اس کے بعد ثمینہ شاہ سو گئیں ان کو نہیں معلوم رات کو پھر کیا ہوا۔ ان کا کردارصرف یہ تھا کہ ملزم کو کمرے میں بیٹھا کر پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا،عدالت نے ثمینہ شاہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔