توہین عدالت: اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران کے خلاف سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (وقائع نگار) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف بیان دینے پر توہین عدالت کی کارروائی آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔ عدالت عالیہ کا لارجر بنچ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں کیس کی سماعت کر ے گا۔ گزشتہ پیشی پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے توہین عدالت کی کارروائی میں فرد جرم عائد ہونے سے قبل عدالت سے زبانی طور پر معافی مانگ لی تھی جس کے بعد عدالت عالیہ نے فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے عمران خان سے تحریری جواب آئندہ پیشی تک عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔ عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنا بیان حلفی جمع کروا دیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اگر جج کو یہ تاثر ملتا ہے کہ اگر میں نے لائن کراس کر دی تھی تو میں معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں۔ عمران خان کی جانب سے عدالت عالیہ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں ایک مرتبہ پھر انہوں نے عدالت سے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی نہیں مانگی۔