پانامہ تحقیقات انتقامی کارروائی تھی‘ مریم کی بریت انصاف کی فتح: حسین نواز
لندن (نوائے وقت رپورٹ) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایون فیلڈ فلیٹس ریفرنس میں مریم نواز کی بریت انصاف کی فتح ہے۔ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ 2018ء میں کس طرح نواز شریف اور مریم نواز کو نشانہ بنایا گیا۔ 2018ء میں کس طرح انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری کی گئی۔ دادا میاں شریف کے اثاثے نواز شریف سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ تفتیش کا رخ میاں شریف کی طرف موڑا جاتا تو تمام سوالات کے جواب مل جاتے۔ میاں شریف قیام پاکستان کے وقت کئی کمپنیاں قائم کر چکے تھے۔ پانامہ تحقیقات کا مقصد سچ تلاش کرنا نہیں بلکہ انتقامی کارروائی تھا۔ نواز شریف نے تمام معاملات اﷲ پر چھوڑے اور پھر انہیں انصاف بھی ملا۔ امید ہے شریف خاندان کو نشانہ بنانے والوں کو اﷲ کے انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔