ربیع الاول رحمتیں اور برکتیں لے کر آیا: فلک شیر بخاری
چھانگامانگا (نامہ نگار) ربیع الاول کا مہینہ اپنے دامن میں رحمتیں اور برکتیں لے کر آیا ہے۔ تاجدار مدینہ کی آمد سے کفر کے بادل چھٹ گئے۔نبی کریم ﷺ کواللہ نے تاجدار ختم نبوت بنا کر اور ہمیںآپ کا امتی بنا کرہم پر عظیم احسان کیا ہے۔ نبی کا امتی ہوناہمارے لئے بڑی فخر کی بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار آستانہ عالیہ پیرسید فلک شیر بخاری آف بھوئے آصل کے سجادہ نشین پیر سید عبادت علی شاہ نے ربیع الاول کی آمد پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی طرح ربیع الاول کا مہینہ بھی بڑی عظمت والا اور شان والا ہے۔ہمیں اس مہینہ میں زیادہ سے زیادہ تلاوت اور درود و سلام کی کثرت کرنی چاہئے۔گھر گھر محفل میلاد کاانعقاد اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنے کا سبب بنتا ہے۔رمضان میں قرآن نازل ہوا جبکہ ربیع الاول میں صاحب قرآن کی تشریف آوری ہوئی۔ اس مبارک مہینے میںدرود شریف کی کثرت کر کے اللہ کے مزید قریب ہو سکتا ہے۔نبی کریم ؐکی سنہری باتوں ، اللہ کے احکام اور حدیث نبوی پر عمل کر کے دنیا و آخرت میں نجات ممکن ہے۔دنیا و آخرت میں حقیقی کامیابی اور فلاح کے اصل حقدار وہی لوگ ہیں جن کی زندگی نبی کے طریقوں اور سنتوں پر عمل کرتے گزرے گی۔