آئی جی پنجاب کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ ،میچ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے پاک انگلینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میچ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے قذافی اسٹیڈیم کا اچانک دورہ کیا اور سٹیڈیم کے اندر اور باہر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے کنٹرول روم سے سٹیڈیم کے اندر تماشائیوں کی نگرانی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میچ کی سکیورٹی کیلئے خصوصی لائحہ عمل اپنایا گیا ہے اور ہائی پروفائل میچ کے پیش نظر سکیورٹی کو 3 درجاتی سے بڑھا کر 4 درجاتی کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سٹیڈیم کے اندر اور باہر سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور پولیس کے 12 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جو میچ کے اختتام پر تمام تماشائیوں کی بحفاظت واپسی اور ٹیموں کی ہوٹلز منتقلی تک پولیس جوان مکمل ہائی الرٹ فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔ سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز نے آئی جی پنجاب کو سٹیڈیم میں کئے گئے خصوصی انتظامات بارے بریفنگ دی۔