زرعی ماہرین پیداوار بڑھانے کیلئے باغبانوں کی تربیت کریں: سیکرٹری زراعت
لاہور(نیوزرپورٹر)زرعی ماہرین اعلی کوالٹی کے حامل پھلوں کی پیداوار میں اضافہ اور بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق پھلوں کی درجہ بندی و پیکنگ کیلئے باغبانوں کو عملی تربیت فراہم کریں تاکہ پھلوں کی 80 ارب کی برآمدات کو بڑھا کر 200 ارب تک لے جایا جا سکے۔ اس ضمن میں نرسریوں کی رجسٹریشن اور بیماریوں سے پاک پودوں کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اوربدلتے موسمی حالات کو پیش نظر رکھ بائیو ٹیکنالوجیکل لیب میں کھجور،پپیتا،چائے، آلو اور کماد کے جدید پیداواری صلاحیت کی حامل پودوں کی تیاری پر فوکس کیا جائے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت، پنجاب احمد عزیز تارڑنے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے مختلف شعبوں کی فیلڈ ایریاکے وزٹ کے دوران کیا۔فیصل آباد ڈویژن کے زرعی ماہرین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے۔زرعی سائنسدان ہائی ڈینسٹی باغات لگانے کے لئے باغبانوں کی فنی رہنمائی و عملی تربیت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔زرعی تحقیق کے عمل میں جدت لانے اور اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے زرعی شعبہ جات کی تشکیل نو کی جائے گی اور زرعی سائنسدانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔