عوام سائفر کی سچائی دیکھ چکے، سچ کا سورج طلوع ہو کر رہتا ہے: خورشید شاہ
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سچ کا سورج جلد یا بدیر طلوع ہو کر رہتا ہے اور عوام سائفر کی سچائی دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف سیاست میں ذاتی مفاد کیلئے ریاست کو دائو پر لگایا بلکہ اپنے جھوٹ اور فریب سے ہماری سفارت کاری اور ساکھ کو بھی پامال کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کے ہر اقدام کے پیچھے تباہی اور بربادی کا ایک ایجنڈا ہوتا ہے اور اسی ایجنڈے کے تحت اس نے اسلام آباد میں دھرنے کے ذریعے چینی صدر کے اہم ترین دورہِ پاکستان کو سپوتاژ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے آزادی کا جھوٹا نعرہ لگایا اور پھر تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے حاصل کئے اور پاکستان کو شدید مالی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان سے انصاف، کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب مانگ رہے ہیں۔