• news

ایم سی سی کی تجاویز پرآئی سی سی کے نئے قوانین کا اطلاق شروع


لاہور (سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پلیئنگ کنڈیشنز (کرکٹ قوانین) میں تبدیلیاں کردی گئیں جن پر یکم اکتوبر2022 سے عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ایم سی سی کی جانب سے 2017 کے کرکٹ قوانین میں تبدیلیاں تجویز کی گئی تھیں، جوویمن کرکٹ کمیٹی کو بھی ارسال کی گئیں اور وہاں سے بھی مجوزہ تبدیلیوں کی توثیق کی گئی۔نئی مجوزہ تبدیلیاں بین الاقوامی کرکٹ میں یکم اکتوبر 2022 سے لاگو ہو چکی ہیں اور آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نئے قوانین کے تحت کھیلا جائیگا۔ایک بیٹر کے کیچ آؤٹ ہو جانے کی صورت میں نیا بیٹر سٹرائیکر اینڈ پر آئیگا، بھلے ہی آؤٹ ہونے والے بیٹر نے کیچ ہونے سے قبل دوسرے بیٹر کو کراس کر لیا ہو، اس سے قبل رائج قانون کے تحت کیچ ہونے سے قبل بیٹر کے ایک دوسرے کو کراس کرنے کی صورت میں نیا بیٹر نان سٹرائکر اینڈ پرآتا تھا۔نئی پابندیوں کے تحت بال چمکانے کیلئے بال پر تھوک لگانے پر عائد عارضی پابندی اب مستقل کردی گئی ہے، اس سے قبل کرونا کے باعث گیند پر تھوک لگانے پرعارضی پابندی لگائی گئی تھی، تاہم اب بھی بائولرز بال چمکانے کیلئے پسینے کا استعمال کر سکیں گے۔
 انٹرنیشنل ون ڈے اور ٹیسٹ کے دوران نئے آنے والے بیٹر کو 2 منٹ کے اندر پہلی گیند کا سامنا کرنا ہے جبکہ ٹی ٹونٹی کیلئے یہ دورانیہ 90 سیکنڈ برقرار رہے گا، اس سے قبل نئے آنے والے بیٹر کے پاس سٹرائیک سنبھالنے کیلئے 3 منٹ کا دورانیہ مقرر تھا، نئے قانون کے تحت مقررہ وقت پر بیٹر کے نہ پہنچنے پر فیلڈنگ کیپٹن ٹائم آؤٹ کی اپیل کر سکے گا۔بائولر پابند ہے کہ وہ بیٹر کو پچ کے حدود میں بال کرائے، نئے قوانین کے تحت پچ سے باہر بال کرانے اور بیٹر کو پچ چھوڑنے پر مجبور کرنے کی صورت میں اب امپائر کی جانب سے ڈیڈ بال کیساتھ ایسی بال کو نو بال بھی قرار دیا جائیگا۔فیلڈنگ سائیڈ کی جانب سے دانستہ کی گئی کسی نامناسب حرکت کی بنا پر اب امپائر بائولرکی بائولنگ کے دوران ڈیڈ بال کے علاوہ 5 رنز بیٹنگ سائیڈ کو پینلٹی کے طور پر دے سکتا ہے۔ رن آؤٹ کو متاثر کرنے کیلئے نامناسب کھیل کی صورت میں یہ رن آؤٹ قرار پائے گا جبکہ اس سے قبل یہ صرف نامناسب کھیل قرار دیا گیا تھا لیکن اب باضابطہ رن آئوٹ قرار دیا جائیگا۔نئی تبدیلیوں سے پہلے بالر کی جانب سے بال کرانے سے قبل سٹرائیکر کے کریز سے نکلنے کی صورت میں رن آؤٹ کرنے کیلئے تھرو کرنے کی اجازت تھی، تاہم اب یہ ایک ڈیڈ بال گنی جائے گی۔جنوری 2022 میں ٹی ٹونٹی میں متعارف کروائی گئی ’’ان میچ پینلٹی‘‘ اب 2023 کے ورلڈ کپ سپر لیگ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی لاگو کر دی جائیگی، یہ قانون ایشیا کپ 2022 ء میں لاگو تھا جہاں بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے دوسرے میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر قانون کے اطلاق کی ایک مثال دیکھی جا چکی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن