خواتین کو ہراساں کرنے کی ہر فورم پر مذمت کرنی چاہئے: شیری رحمن
اسلام آباد (خبر نگار+ اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے عمل کی ہمیں ہر فورم پر مذمت کرنی چاہیے۔ کوئی مہذب معاشرہ عورتوں کو ہراساں کرنے کے اجازت نہیں دیتا‘ ہم کسی گالی گلوچ بریگیڈ کو فروغ نہیں دے سکتے ہیں۔ میں شہید بینظیر بھٹو اور بلاول بھٹو کی پارٹی سے تعلق رکھتی ہوں جہاں ہراساں کرنے کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا‘ خواتین کے خلاف استحصال پر آصف علی زرداری سخت ایکشن لیتے ہیں۔ کسی بھی بحران کا سب سے برا اثر خواتین پر پڑتا ہے۔ پاکستان کی معیشت خواتین کی وجہ سے چلتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے خواتیں کے خلاف ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے موضوع پر سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے فورم سے اخلاقیات کا جنازہ نکالا جا رہا ہے‘ جو مریم اورنگزیب کے ساتھ ہوا وہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما چپ کر کے کھڑے ہیں۔آپ قائد اعظم کے پاکستان میں فسطائیت کو ہوا دے رہے ہیں‘ یہ عمران خان کی تقریروں اور بیانیہ کے ثمرات ہیں۔ ملکی سیاست میں بداخلاقی اور نفرت انگیزی کے واقعات‘ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی انتہائی افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سی پی این ای اور فورتھ پلر کے اشتراک سے ملکی سیاست میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں اضافہ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے سی پی این ای اور فورتھ پلر کی جانب سے اہم مسئلہ کو اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے عمل کو ہمیں ہر فورم پر مذمت کرنی چاہئے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر حاجی محمد نواز رضا نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ اگر سیاسی اختلافات میں کوئی بداخلاقی سے پیش آئے تو اس کا سخت ردعمل ہونا چاہئے کیونکہ اگر سیاست میں بزدلی سے کام لیا جائے گا تو کامیاب سیاستدان نہیں بنا جا سکتا۔ شیری رحمان نے عوامی جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے دوران فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار بابر صدیق کے غمزدہ خاندان سے تعزیت کی۔ اپنے تعزیتی بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ میں حوالدار بابر صدیق کی اہلیہ اور بچوں سے دلی تعزیت کرتی ہوں اور اس مشکل وقت میں میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شوہر، باپ اور بیٹے کو کھونا دل دہلا دینے والا ہے اور میں غم کی اس گھڑی میں خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔
شیری رحمن