• news

حکمرانوں میں عمران خان کو ہاتھ لگانے کی ہمت نہیں ہے: اسد عمر 

  کراچی (آئی این پی ) تحریک انصاف کے رہنما  سد عمر نے کہا ہے کہ حکمرانوں میں عمران خان کو ہاتھ لگانے کی ہمت نہیں ہے، ان سے عمران خان نہیں گرایا جارہا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر کہا گیا کہ صحت کارڈ نوازشریف لے کر آئے، اور بند کمرے میں کہا گیا عمران خان کے پاس صحت کارڈ کے سوا کچھ نہیں اس کو بند کر دیں، قوم کے مفاد کیخلاف اس سے بڑی بات کیا ہوسکتی ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ سائفر کے معاملے پردو الزامات لگائے گئے، ایک عمران خان نے کہا کسی ملک کا نام نہیں لینا، اور دوسرا الزام لگایا گیا کہ سائفر وزیراعظم ہاوس سے غائب ہوگیا، اور یہ انکشاف ساڑھے5 ماہ بعد ہوا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان قومی سلامتی کے پہلو سے کہہ رہے تھے ملک کا نام نہیں لینا، اور دوسری بات قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ ہی سائفر پر ہوئی تھی، کیامراسلہ دیکھے بغیر ہی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ اسدعمر کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ان سے عمران خان نہیں گرایا جارہا، عمران خان کی مقبولیت آئے روزبڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے کا کہ مخالفین کو پتہ ہے وہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، گزشتہ روز کی پریس کانفرنس بوکھلاہٹ کی انتہا تھی، ان میں عمران خان کوہاتھ لگانے کی ہمت نہیں ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ سازش کے ذریعے عمران خان کوہٹایا گیا، اورعمران خان کو ہٹانے کا مقصد کرپشن کیسز کو فارغ کروانا تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ پچھلے ہفتے عوام نے انصاف کا جنازہ نکلتے ہوئے دیکھا، جن کے خلاف فیصلے آچکے تھے وہ بری کر دیئے گئے۔
اسد عمر

ای پیپر-دی نیشن