• news

ٹرانس جینڈر قانون کی حمایت نہیں کی‘ فضل الرحمن: عمران جھوٹے‘ یوسف رضا


ملتان (سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ٹرانس جینڈر ایکٹ کی حمایت نہیں کی۔ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وکیل سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں غلط ہیں۔ ٹرانس جینڈر ایکٹ میں بہت بڑے سقم کا سب جماعتوں نے اعتراف کر لیا ہے۔ شریعت اور معاشرتی اقدار کے حوالے سے اس قانون میں سقم ہے۔ ہم نے اس قانون میں جامع ترمیم جمع کرا دی ہے۔ قانون کی منظوری کے وقت بھی جے یو آئی کی ایک رکن نے کہا تھا کہ یہ بل ہماری سمجھ میں نہیں آ رہا، اسے کمیٹی میں بھیجو تاکہ ہم اسے سمجھ کر اس پر بات کریں لیکن ان کی اصولی بات نہیں مانی گئی اور وہ بل پاس ہو گیا۔ ادھر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور یوسف رضا گیلانی کی ملتان میں ملاقات ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی حمایت کریں گے۔ تحریک انصاف سے کوئی بات نہیں ہو سکتی، وہ بات چیت کے قابل ہی نہیں ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔ میں اپنے اثاثے ڈکلیئر کر چکا ہوں۔ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں اکاؤنٹ چھپائے ہیں، عمران خان جھوٹے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن