پولیس سیلاب میں مصروف ، سیکورٹی نہیں دے سکتے ، بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جا ئیں
کراچی (نیٹ نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ) سندھ حکومت نے الیکشن کمشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذوری ظاہر کرلی۔ کہا گیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ سندھ حکومت کے خط میں سندھ پولیس کی جانب سے محکمہ داخلہ کو لکھے گئے خط کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ آئی جی سندھ نے خط مبں نفری کی کمی کا بتایا ہے۔ خیال رہے کہ سندھ پولیس نے بھی کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی دینے سے معذرت کرلی ہے۔ اے آئی جی آپریشنز حیدر رضا کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ کو لکھے گئے خط میں استدعا کی گئی کہ 23 اکتوبر کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا انعقاد ہونا ہے لیکن اس کے لیے فول پروف سکیورٹی کا انتظام ممکن نہیں۔ کراچی پولیس کی اپنی نفری سیلاب زدہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ جو اندرون سندھ سے نفری ملنی تھی، نجی سکیورٹی گارڈز ممکن نہیں ہیں کہ وہ کراچی پولیس کو مل سکیں۔ سکیورٹی کے لیے جو منصوبہ بندی کی گئی تھی اس کے لیے کم از کم ساڑھے 16 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے جس کے باعث کراچی پولیس کے لیے انتظامات کرنا ناممکن ہے۔ آئی جی نے محکمہ داخلہ سندھ سے استدعا کی گئی ہے کہ کم از کم 3 ماہ کے لیے کراچی‘ حیدر آباد میں انتخابات کو آگے بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ کوارٹرز سے یہ معاملہ اٹھائیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے کراچی میں 23 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔