کسان اتحاد حکومت میں مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم ہونا چاہیے:حسن مرتضیٰ
لاہور(نامہ نگار) جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ 6روز گزرنے کے باوجود حکومت کسانوں کے احتجاج پر سنجیدہ قدم نہیں اٹھا رہی۔ کسان اتحاد و حکومت کے درمیان مزاکرات میں ڈیڈ لاک ختم ہونا چاہیے۔اسلام آباد کی سڑکوں پر وہ لوگ بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں جو پاکستان کیلئے اناج اگاتے ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پر امن کاشتکاروں کے احتجاج کا پولیس محاصرہ سراسر زیادتی ہے۔ کسان اپنا سکون برباد کرکے ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو بے جا تنگ کیا گیا تو پورے ملک میں مزاحمت سامنے آئے گی۔ اتحادی حکومت میں ایسی جماعتیں شامل ہیں جو کاشتکاروں کے مطالبات کو جائز مانتی ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ کسانوں کے مسائل سن کر ان کی مشکلات میں کمی کرنا اتحادی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔اتحادی حکومت بالخصوص پیپلزپارٹی کاشتکاروں کے پاس جاکر ان کے مطالبات حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں۔