• news

لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے قائم انکوائری کمشن کی رپو رٹ جاری 


اسلام آباد (نا مہ نگار) وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے گذشتہ ماہ (ستمبر2022) کے دوران 37افراد کو بازیاب کراتے ہوئے 42کیسز نمٹا دیئے‘ کمیشن کو اپنے قیام سے اب تک 8869کیسز موصول ہوئے جن میں سے کمیشن نے 6648 کیسز کو نمٹایا ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے قائم انکوائری کمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق کمیشن  کے چیئرمین اور ارکان نے ستمبر2022کے دوران اسلام آباد ‘ لاہور‘ کراچی اور دیگر شہروں میں کیسز کی سماعت کی۔ کمیشن نے مجموعی طور پر 42کیسز کو نمٹایا جن میں سے 37افراد کو کمیشن کی ہدایت پر بازیاب کیا گیا۔ اس دوران مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں سمیت پولیس افسران کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ کمیشن نے مختلف حکومتی اداروں سے لاپتہ افراد کے خاندانوں کو مالی معاونت بھی دلائی۔ یکم جنوری تا 31اگست2022کمیشن کے پاس ماہانہ بنیادوں پر 67 نئے کیسز درج کرائے گئے جن کی مجموعی تعداد 536بنتی ہے ان میں سے کئی افراد 2009تا 2022کے دوران لاپتہ ہوئے ہیں۔ کمیشن لاپتہ افراد کے خاندانوں کو کیسوں کی سماعت اور ان پر ہونے والی پیش رفت سے باضابطہ طور پر آگاہ رکھتا ہے۔ کمیشن کی طرف سے لاپتہ افراد کے خاندانوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ زیر التواء کیسز کو وزارت داخلہ‘ دفاع اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی معاونت سے جلد از جلد نمٹایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن