قائد اعظم یونیورسٹی میں پھر حالات کشیدہ، کلاسوں کا بائیکاٹ
اسلام آباد(نا مہ نگار)قائد اعظم یونیورسٹی میں ایک مرتبہ پھر حالات کشیدہ، تمام طلبا کو نسلوں پر مشتمل قائد ین سٹو ڈنٹس فیڈریشن (کیو ایس ایف)نے قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ کو اکیس نقاط پر مشتمل مطالبات تسلیم کرنے کا مراسلہ بھیج دیا، نیا سمسٹر شروع ہوتے ہی کلاسوں کا بائیکاٹ ، بسوں کے پوائنٹس کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا، جڑواں شہروں میں کسی روٹ پر بھی بسیں نہ چل سکیں، اندرونی و بیرونی راستوں کو خار دار تاروں اور بھاری پتھر رکھ کر بلاک کر دیا گیا، اساتذہ و طلبا یونیورسٹی پہنچے تو حالات دیکھ کر گھروں کو لوٹ گئے، طلبا کی جانب سے تمام مطالبات تسلیم نہ کئے جانے تک یونیورسٹی بند رکھنے کا عندیہ دے دیا گیا، یونیورسٹی انتظامیہ اور کیو ایس ایف کے درمیان مزاکرات کیو ایس ایف کے عہدے داران اور ڈاکٹر سہیل یوسف کے ساتھ ہوئے جن کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کو شش ہو گی جلد از جلد افہام و تفہیم سے معاملات طے پا جائیں ۔قائدین سٹو دنٹس فیڈریشن کی جانب سے قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ کو اکیس نقاط پر مشتمل مطالبات پہنچا ئے گئے ہیں جن میں طلبا نے کہا ہے کہ بی ایس کے طلبا کے لئے نئے ہاسٹلز بنائے جائیں، سیلاب سے متاثرہ بچوں کی سمیسٹر فیس یکسر ختم کی جائے، فیکلٹی ممبران کو انتظامی پوسٹوں سے فی الفور ہٹایا جائے، ہاسٹلز کی تزئین و آرائش کی جائے اور کیفے ٹیریاز کو چو بیس گھنٹے کھلا رکھا جائے، بسوں کے روٹ میں اور بسوں میں اضافہ کیا جائے، یونیورسٹی کے اخراجات سمیت تمام فنڈز کا آڈٹ کرایا جائے،سیمسٹر میں لگائے گئے ایکسٹرا چارجز کو ختم کیا جائے، یو ڈی سی کمیٹی میں فیکلٹی ممبران کو نکالا جائے تاکہ وہ طلبا کو ٹا رگٹ نہ کر سکیں، انرو لمنٹ طلبا کو سکالرشپس فراہم کئے جائیں، جن طلبا پر بین لگایا گیا ہے وہ واپس لیا جائے، ریگو لر اور سیلف فنانس طلبا کی شرح مساوی کی جائے، جن شعبوں میں مستقل فیکلٹی موجود نہیں وہاں تعیناتی کی جائے ، جمنیزیم کی تزئین و آرائش کی جائے، طالبات کو اپنے ہاسٹلز تبدیل کرنے کی اجازت دی جائے، میڈیکل سنٹر میں دو ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے، شعبہ مطالعہ پاکستان اور سائیکالوجی کے طلبا کو ہاسٹلزمیں کمرے الاٹ کئے جائیں، اگر وارڈنز طلبا سے تعاون نہیں کرتے تو انہیں تبدیل کیا جائے، طالبات کو ہاسٹلز میں اپنے مہمان رکھنے کی اجازت دی جائے، یونیورسٹی کے تمام داخلی دروازے بشمول ہاسٹل فائیو کھلے رکھے جائیں ۔
قائد اعظم یونیورسٹی