• news

بادشاہی مسجد میں عالمی محفل حسن قرأت، مصری قاری الشحات کی تلاوت نے دل جیت لئے 

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں عشرہ شان رحمۃ للعالمین بمناسبت ماہ ربیع الاول عالمی محفل حسن قرأت کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل کی صدارت سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے کی، سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقارف پنجاب میاں ابرار احمد، ڈی جی مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری سمیت ہزاروں افراد نے  محفل میں شرکت کی۔ عالم اسلام کے عظیم قاری فضیلۃ الشیخ محمود الشحات انور نے بادشاہی مسجد لاہور میں ہزاروں کے مجمع کے سامنے تلاوت کلام اللہ کر کے شرکاء محفل کے دل جیت لیے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ قاری محمود الشحات انور نے جب سورۃ شمس، حٰم سجدہ اور سورۃ الحج کی تلاوت فرمائی تو لوگ عش عش کر اٹھے اور پورے مجمع کی  سبحان اللہ کی صداؤں سے پوری مسجد گونج اٹھی۔ سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے عالمی محفل حسن قرأت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم الشیخ محمود الشحات انور کے تہہ دل سے مشکور ہیں جو بادشاہی مسجد لاہور میں تشریف لائے اور ہمیں اپنی پرسوز آواز میں کلام اللہ کی تلاوت سننے کا شرف بخشا، سیرت شان رحمۃ للعالمین ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔ آخر میں فضیلۃ الشیخ قاری محمود الشحات انور کی عالمی خدمات پر ان کو مجلس علماء  پاکستان کی طرف سے امن ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔ الشیخ قاری محمود الشحات انور نے مولانا آزاد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پاکستان اور بادشاہی مسجد لاہور سے بہت ساری محبتیں ساتھ لیکر جارہا ہوں جو ہمیشہ یاد رہیں گی اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی عطا عطا کرے اور ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے۔
بادشاہی مسجد، قرات

ای پیپر-دی نیشن