• news

  ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری، رواں برس صرف کراچی میں 36 ہلاکتیں 

لاہور، کراچی، راولپنڈی (جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 95 افراد میں   ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ اس سال ڈینگی کے مریضوں کی تعد اد 2530 تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 44 ڈینگی کے مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ رواں سال ڈینگی کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی ایس او پی کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کرتے ہوئے ڈینگی لاروا پایا جانے پر 14 افراد کے خلاف مقدمات جبکہ 3 جگہوں کو سیل کیا گیا، 14 افراد کا چالان کیا گیا اور 82 افراد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ دوران کارروائی 3 لاکھ چوبیس ہزار روپے کے جرمانہ  کئے گئے ہیں۔ پنجاب میں مزید 230 جبکہ سندھ میں 341 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور سے 99 ، گوجرانوالہ سے 21 کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 266 مریض زیر علاج ہیں۔ ملتان میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کے باعث ریڈ الرٹ جاری ہے۔ کراچی میں بھی ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سندھ میں ڈینگی سے ہونے والی 38  اموات میں سے36 کراچی میں ہوئیں۔24  گھنٹے میں ڈینگی کے241  نئے کیسز سامنے آگئے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں 66 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔ ضلع وسطی میں 55، ضلع جنوبی میں 36، ضلع کورنگی میں 33، ضلع ملیر میں 28، ضلع کیماڑی میں 13  اور ضلع غربی میں 10 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ رواں سال صوبہ سندھ میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 38 ہوگئی ہے جن میں سے 36 کا تعلق کراچی سے ہے۔ لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 797 شہریوں کو ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ اور کمرشل عمارتوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 73 افراد کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کروایا گیا ہے اور  04 مقام کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ 27 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور 1111 مقامات سے ان ڈور ڈینگی لاروا تلف کروایا گیا ہے اور یکم جنوری سے لیکر اب تک 107585 شہریوں کو ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔
ڈینگی

ای پیپر-دی نیشن