حکمران کی الٹی گنتی شروع ہوچکی، گھر جانا ہوگا: شاہ محمود
ملتان(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ قوم کی آواز بن چکا ہے۔ قوم جان چکی ہے عمران خان حق اور سچ پر ہیں اور قوم نے فیصلہ کیا ہے کہ حق اور سچ کا ساتھ دینا ہے۔ پنجاب کی عوام نے 17جولائی کو پی ڈی ایم کو مسترد کرکے امپورٹڈ حکمرانوں کوتسلیم نہ کرنے کا پیغام دیا۔ 16اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کرنے کا پیغام جائے گا۔عوامی مینڈیٹ کے برعکس امپورٹڈ حکمران اقتدار سے زبردستی چمٹے ہوئے ہیں۔ انہیں گھر جانا ہوگا۔ الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔ بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے۔ حکمران بند گلی میں داخل ہوچکے ہیں۔ انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کس سمت جائیں۔ امپورٹڈ حکمران بے سمتو ں کے مسافر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی خواتین ونگ کی مرکزی نائب صدر قربان فاطمہ کے زیر اہتمام منعقدہ ظہرانہ / استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ظہرانہ میں سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک‘ اراکین صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری‘ ندیم قریشی‘ راؤ آصف‘ اشرف ناصر خان‘ ملک ظہیر اعوان‘ میا ں فاروق‘ طاہر قریشی‘ احسان سندھو‘ شیخ مظہر عباس‘ شیخ ندیم احمد‘ عقیل کھوکھر سمیت دیگر شخصیات موجود تھے۔ انہوں نے کہا حکمرانوں پر بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے۔ انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔ انتقامی کاررائیوں میں امپورٹڈ حکمرانوں نے آمر حکمرانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہم لوگ مقدمے اور گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فسطائی حکومت کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا امپورٹڈ حکمرانوں کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ این آر او ٹو دیا جائے اب ایک سٹیج تیار کیا جارہا ہے جس میں ایک اور قومی مجرم اور سزا یافتہ نواز شریف کی وطن واپسی کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کہا پاکستان پر لٹیروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کرکے ملکی ترقی کا سفر روک دیا گیا ہے۔ وقت آنے والا ہے عمران خان ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم ہونگے۔ تقریب سے میزبان قربان فاطمہ ودیگر شخصیات نے خطاب کیا۔
شاہ محمود