حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکیں، فواد چوہدری
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکیں لاکھوں افراد عمران خان کی قیادت میں مارچ میں شرکت کرنے کو تیار ہو چکے ہیں،نظامِ انصاف مکمل طور پر بیٹھ چکا ہے چوروں کو ریلیف ملنا عوام کی توہین ہے قوم نکل کر حقیقی آزادی حاصل کر کے رہے گی انہوں نے یہ بات بنی گالہ میں چئیرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریوں کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتاتے ہوئے کہی فواد چوہدری نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں،لاکھوں افراد عمران خان کی قیادت میں نکلنے کو تیار بیٹھے ہیں اجلاس میں تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریوں کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ اپنے اپنے اضلاع سے کارکنان کی قیادت کریں گے ایم این ایز،ایم پی ایز،ٹکٹ ہولڈرز صدور،جنرل سیکرٹریوں کی ذمہ داریاں لگا دی گئی ہیں عمران خان کی قیادت میں بڑی تعداد میں عوام نکلیں گے انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی مارچ عمران خان کی ذات کے لئے نہیں پاکستان کے استحکام کے لئے ہو رہا ہے،ہم دیکھ رہے ہیں کہ 6 ماہ میں امپورٹڈ حکومت نے فسطائیت کی انتہا کر دی،سیاست کو باندی بنا کر رکھ دیا گیا،اس ملک میں ایسا بدترین ماحول کبھی نہیں دیکھا گیا،پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا گیا سیاسی کارکنان،صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،ترقی کرتے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا گیا ہے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی یہ کیسا نظام ہے،پاکستان کے لوگ عمران خان کی کال پر اگر نہیں نکلتے تو یہ ملک کی شکست ہو گی،امید ہے حقیقی آزادی مارچ میں عوام بھرپور شرکت کریں گے اور پاکستان کی حقیقی آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔
فواد چوہدری