صحت کے منصوبے جلد مکمل کئے جا ئیں ، پرویزالہی: ہسپتالوں کی سو لرانرجی پر منتقلی کا پلان طلب
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ہیلتھ پراجیکٹس فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اور سرکاری ہسپتالوں کو سولر توانائی پر مرحلہ وار منتقل کرنے کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں کی سولرائزیشن کے پروگرام کا مکمل تخمینہ لگانے کا حکم دیا ہے اور جوبلی ٹاؤن میں ڈینٹل ہسپتال کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے اور گنگارام ہسپتال کے زچہ وبچہ بلاک کو رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ اور ساہیوال کی اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ 250بیڈز کے انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی میں 30ڈائیلسز مشینیں اوردیگر آلات کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کیا جائے اور فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈی جی خان کے آؤٹ ڈور اور ایمرجنسی بلاک کو جلد فنکشنل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے نشتر ہسپتال ملتان میں پیٹ سکین اور سائیکلوٹران مشین کی تنصیب کے لئے فنڈزکے اجراء کی اصولی منظوری دی۔ جنرل ہسپتال ارفع کریم ٹاور میں پہلے مرحلے میں 200بیڈ کا ایمرجنسی وارڈ مکمل کیا جائے گا۔ جناح ہسپتال کا 256بیڈز کا ٹراما سینٹر اور ایمرجنسی جلد فنکشنل کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے جناح ہسپتال کے آنکالوجی وارڈ میں جدید ترین مشین کی تنصیب کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں پرویز الہٰی نے پاکپتن کے قریب ساہیوال روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ خواتین ارکان اسمبلی کی سیاسی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں خواتین ارکان اسمبلی سے مشاورت کو اہمیت دیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جدوجہد میں خواتین ارکان اسمبلی نے قابل قدر کردار ادا کیا ہے اور عمران خان کی جدوجہد میں خواتین ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کی فلاح وبہبود کو ہمیشہ مقدم سمجھا ہے۔خواتین کو عملی میدان میں یکساں مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے خاتون ایم پی اے کی طرف سے سوہاوا میں ڈیم کی تجویز پر فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ گزشتہ روز خواتین ایم پی ایز نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں فردوس ریحانہ، مسرت جمشید چیمہ، فرحت فاروق، ثانیہ کامران، فرح آغا، ثمینہ خاور اور سبرینا جاوید شامل تھیں۔