ٹانگ آپریشن : پشا ور کا نوائے پر فا ئرنگ ، مقابلہ، 2جوان شہید ، 7دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) خیبر پی کے کے ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ٹانک میں رات گئے سرچ آپریشن میں مصروف تھیں کہ رنوال کے مقام پر دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوگیا۔ دہشت گرد 7 موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔ جن کی تعداد 21 کے قریب تھی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا‘ دو راہگیر بھی زخمی ہوئے۔ ڈی پی او ٹانک کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے خود کار ہتھیار اور 7 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں جبکہ دہشت گردوں کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے جس کے بعد سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت محمد زبیر کے نام سے ہوئی ہے‘ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے 3 کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ اور ایک عدد راکٹ لانچر برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور بھتہ خوری کی وارداتو ں میں ملو ث تھے۔ پشاور میں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ قافلے کو حسن خیل کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج نے موثر کارروائی کر تے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوئے۔ شہداء میں 30سالہ لانس نائیک محمد پناہ جن کا تعلق ضلع جعفر آباد اور ایف سی (فرنٹیئر کانسٹیبلری )کے سپاہی 36 سالہ شمس اﷲ جن کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے‘ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ممکنہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علاقے کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔