• news

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر جواب دینا پڑے گا: عمر سرفراز 

لاہور (نیوز رپورٹر) آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی صریح خلاف ورزی پر شہباز شریف کو جواب دینا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اینٹی کرپشن بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں  نے کہا کہ  شہباز شریف کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ حالیہ سیلاب کے دوران پنجاب حکومت نے محدود وسائل کے باوجود ریسکیو اور ریلیف کا بہترین کام کیا۔ دوسری جانب وفاقی حکومت پنجاب کے عوام کے ساتھ دشمنی پر اتر آئی ہے۔ وفاقی حکومت نے ابھی تک پنجاب کی عوام کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔ وفاق  نے پنجاب کی درخواست کے باوجود گندم خریداری کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے ساڑھے تین سال نہایت خلوص سے عوام کی خدمت کی۔  قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، مشیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک کو مہنگائی اور معیشت کی دلدل میں دھکیلا، پھر بجلی کی قیمتوں میں 65 فیصد کمی کے جھوٹے بیانات جاری کیے۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اینٹی کرپشن بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) مصدق عباسی نے کہا کہ کوئی حکومت ظلم  سے تو چل سکتی ہے، نا انصافی سے ساتھ نہیں۔ ہمارا قومی المیہ ہے کہ ملک میں احتساب کے سب سے بڑے ادارے نیب اور ایف آئی اے ایک ملزم کے نیچے ہیں۔ مصدق عباسی نے یہ بھی کہا کہ قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے آج کس منہ سے پاکستان سے محبت کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کرپٹ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہا ہے۔ اینٹی کرپشن پرکوئی دباؤ نہیں اور تمام کیسوں کے فیصلے صرف اور صرف میرٹ پر ہو رہے ہیں۔ اینٹی کرپشن پر جانبداری کا الزام وہ لوگ لگا رہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ایمپائر کو ساتھ ملا کر کھیلا، جن کا ماضی داغدار اور کرپشن کی داستانوں سے بھرا پڑا ہے۔
عمر چیمہ 

ای پیپر-دی نیشن